نئی دہلی : مرکزی تحقیقاتی بیورو(سی بی آئی) نے جرائم میں سائبر کا استعمال کرنے والے ایک بڑے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ یہ گروپ مبینہ طور پر غیرملکیوں کو رقم دینے پر مجبور کرتا تھا اور اِس نے تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کی نقد رقم وصول بھی کی ہے۔
کارروائی کے طور پر سی بی آئی اپنی تحقیقات کے تحت کئی ریاستوں میں تقریباً 24 جگہوں پر چھاپے مارے ہیں۔ اِن ریاستوں میں دہلی، اترپردیش، ہریانہ اور گجرات شامل ہیں۔ چھاپوں کے دورا ن سی بی آئی ٹیم نے نقد رقوم بھارتی اور غیرملکی کرنسی کی شکل میں برآمد کی ہیں۔ ٹیم نے اِس کے علاوہ کرپٹو کرنسی کھاتوں ، املاک کی دستاویزات اور مجرمانہ نوعیت کے دیگر ثبوت بھی برآمد کئے ہیں۔
سی بی آئی نے کہا ہے کہ پچھلے سال جولائی میں اِن الزامات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا تھا کہ بھارت میں بہت سے کال سینٹرز نے امریکہ کے شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے، گجرات میں قائم وائپ کمپنی کی خدمات کا استعمال کرتے ہوئے، دھوکہ دیہی کے ساتھ لاکھوں کالس کی تھیں۔