مغربی بنگال کے کوچ بہار میں بی جے پی رہنما کے ذریعہ مار پیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اننت مہاراج پر آشرم میں گھس کر سادھو کے ساتھ دھکا مکی اور مار پیٹ کرنے کا الزام لگا ہے۔ اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد سیتائی علاقے کے لوگوں میں ناراضگی ہے۔ اس سلسلے میں دیہی لوگوں نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور جم کر نعرے بازی بھی کی۔ انہوں نے وارننگ دی ہے کہ جلد سے جلد اننت مہاراج کو گرفتار کیا جائے ورنہ مظاہرہ جاری رہے گا۔
‘آج تک’ کی خبر کے مطابق الزام ہے کہ بی جے پی رہنما اننت مہاراج وجئے دشمی یعنی اتوار کی شام سیتائی میں واقع رام کرشن وویکانند آشرم گئے تھے جہاں کسی مذہبی بات چیت کے دوران ان کی سادھو سے کہا سنی ہو گئی۔ پھر دھکا مکی اور مار پیٹ کے بعد اننت مہاراج آشرم سے باہر نکل گئے۔ کہا جاتا ہے کہ اس وقت مہاراج کے ساتھ ان کے کئی معاونین بھی تھے۔