نئی دہلی: پاکستان سے اتر پردیش کے شہر نوئیڈا پہنچی سیما حیدر کی محبت کی کہانی مسلسل موضوع بحث بنی رہتی ہے۔ اسی دوران ایک اور خاتون سرحد پار کر کے نوئیڈا آگئی ہے۔ یہ خاتون بنگلہ دیش کی رہنے والی ہے اور اس نے 3 سال پہلے نوئیڈا کے نوجوان سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ وہ ایک بچے کے ساتھ ہندوستان آئی ہے۔ خاتون کا نام سونیا اختر ہے، لیکن اس کے شوہر نے اسے اپنے پاس رکھنے سے صاف انکار کر دیا، جس کے بعد سونیا اختر نے نوئیڈا پولیس سے شکایت کی ہے۔
معلومات کے مطابق نوئیڈا پہنچی بنگلہ دیش کی سونیا اختر کا دعویٰ ہے کہ اس نے تین سال قبل نوئیڈا کے نوجوان سے شادی کی تھی۔ وہ نوئیڈا کے سورو کانت تیواری کے رابطے میں آئی اور اس کے بعد اس نے تین سال پہلے بنگلہ دیش میں اس سے شادی کی تھی۔سونیا اختر اپنے ایک سال کے بچے کے ساتھ بنگلہ دیش سے ہندوستان آئی ہے۔ یہاں آنے کے بعد وہ اپنے مبینہ شوہر سے ملنے گئی، لیکن وہاں اسے مایوسی ہاتھ لگی ۔ سونیا اختر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ نوئیڈا میں رہنا چاہتی ہیں، لیکن اس کے شوہر نے اس کو ساتھ رکھنے سے انکار کر دیا ہے۔
اس نے الزام لگایا کہ ہندوستان میں رہنے والے اس کے شوہر نے دوسری عورت سے شادی کرلی ہے۔ سونیا نے اب اپنے ایک سال کے بچے کے ساتھ نوئیڈا پولیس سے انصاف کی فریاد کی ہے۔