بھوپال :مدھیہ پردیش کے ساگر میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کئی اہم وعدے کیے۔ انھوں نے کہا کہ "میں وعدہ کرتا ہوں کہ جب کانگریس حکومت میں آئے گی تو کسانوں کو قرض سے راحت ملے گی، رسوئی گیس سلنڈر 500 روپے میں فراہم کیا جائے گا، خواتین کو 1500 روپے ماہانہ دیے جائیں گے، سرکاری ملازمین کے لیے پرانا پنشن منصوبہ نافذ کیا جائے گا، 100 یونٹ تک مفت بجلی ملے گی اور 200 یونٹ بجلی کے لیے نصف بل کی ادائیگی کرنی ہوگی، ہم ریاست میں ذات پر مبنی مردم شماری بھی کرائیں گے۔
کانگریس صدر نے اپنے خطاب میں پی ایم مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان پر خوب حملے کیے۔ انھوں نے کہا کہ انتخاب آئے ہیں اس لیے بی جے پی کو سَنت روی داس یاد آ گئے۔ کھڑگے نے مرکزی اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خامیاں شمار کرائیں اور اس سے عوام کو پہنچنے والے نقصانات کی طرف بھی اشارہ کیا۔ ساگر میں 100 کروڑ روپے خرچ کر تعمیر کرائے جا رہے سَنت روی داس مندر کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انتخاب ہے اس لیے بی جے پی کو سَنت روی داس کی یاد آ گئی۔ ریاست میں 20 سال سے شیوراج سنگھ وزیر اعلیٰ ہیں اور مرکز میں 9 سال سے نریندر مودی وزیر اعظم ہیں، لیکن انھیں کبھی سَنت روی داس کی یاد نہیں آئی۔ اب الیکشن ہے، اس لیے ان کی یاد آ گئی ہے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کا مقصد ساگر میں کسی ادارہ کو بنانا نہیں ہے بلکہ ووٹ کیسے کھینچے جائیں، یہ ان کی کوشش کا حصہ ہے۔ کھڑگے نے وعدہ کیا کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بننے پر سَنت روی داس کے نام پر یونیورسٹی کی بنیاد ڈالی جائے گی۔
کانگریس کے قومی صدر نے آئین کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر اور سَنت روی داس کی جنم بھومی کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ چند لوگ آئین کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ ہو ہی نہیں سکتا، کیونکہ ملک کی 140 کروڑ کی آبادی اس کے تحفظ کے لیے زندہ ہے۔
کھڑگے نے ساگر میں اپنے خطاب کے دوران واضح لفظوں میں کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے پر ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ ایسا کرنے سے یہ پتہ چل سکے گا کہ کون کون پسماندہ اور غریب ہیں، کتنے لوگ بے زمین ہیں اور ان کی ترقی کیسے کی جائے۔ کھڑگے نے مرکزی اور ریاستی حکومت کو عوام مخالف ٹھہرایا۔ ساتھ ہی کہا کہ انتخاب آتے ہیں تو یہ ووٹ پانے کے لیے کچھ بھی کرنے لگتے ہیں۔ مدھیہ پردیش ہر معاملے میں پسماندہ ہے اور یہاں جو حکومت ہے، وہ اراکین اسمبلی کی چوری کر کے بنائی گئی ہے۔ انھوں نے کانگریس ریاستی صدر کمل ناتھ کو ‘ناتھ’ بتایا اور کہا کہ کمل تو بی جے پی کا ہے، مگر ناتھ ہمارے ہیں۔