سچن کی محبت میں پاکستان سے ہندوستان پہنچی سیما حیدر ان دنوں سرخیوں میں ہے۔ سیما حیدر کا پاکستانی شوہر چاہتا ہے کہ وہ پاکستان لوٹے، لیکن سیما نے پاکستان جانے سے صاف انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ ہندوستان میں ہی سچن کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ سیما اور سچن کی شادی بھی ہو چکی ہے، لیکن اس درمیان سیما مشکل میں پھنستی ہوئی دکھائی دے رہیہے۔ دراصل سیما حیدر پر پاکستانی جاسوس ہونے کا الزام لگ رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اتر پردیش اے ٹی ایس کی ٹیم نے سیما حیدر کو حراست میں لے لیا ہے، یعنی وہ ایک بار پھر سچن سے جدا ہو گئی ہے۔
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اتر پردیش اے ٹی ایس سیما حیدر کو حراست میں لے کر ایک خفیہ مقام پر لے گئی ہے جہاں اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ سیما حیدر شروع سے ہی اے ٹی ایس کے رڈار پر تھی۔ وہ نیپال کے راستے اپنے عاشق سچن سے ملنے ہندوستان پہنچی تھی جس کے بعد خوب ہنگامہ ہوا تھا۔ اب اے ٹی ایس کی ٹیم واٹس ایپ چیٹ اور ملے ثبوتوں کی بنیاد پر آگے کی پوچھ تاچھ کرے گی۔