ایشیا کپ 2023 کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن ایسے آثار دکھائی دے رہے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان اس ٹورنامنٹ میں تین بار مد مقابل ہو سکتے ہیں۔ اس بار یہ ٹورنامنٹ پاکستان اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہو رہا ہے جو کہ 31 اگست سے شروع ہوگا اور 17 ستمبر تک چلے گا۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ لیگ اسٹیج میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ 2 ستمبر کو ہوگا۔ ان دونوں ہی ٹیموں کو نیپال کے ساتھ ’گروپ اے‘ میں رکھا گیا ہے۔ گروپ ’بی‘ میں سابقہ چمپئن سری لنکا کے ساتھ بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ دونوں ہی گروپ سے 2-2 ٹیمیں ’سپر-4‘ میں پہنچیں گی۔ یعنی ’گروپ اے‘ سے پاکستان اور ہندوستان کا ’سپر-4‘ میں پہنچ تقریباً یقینی ہے۔ ’سپر-4‘ میں پہنچنے والی سبھی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ یعنی ایک بار پھر کرکٹ شیدائیوں کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ قوی امید ہے کہ یہ مقابلہ 10 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ’سپر-4‘ میں سرفہرست رہنے والی دو ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی جو کہ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اگر کوئی بڑا الٹ پھیر نہیں ہوتا ہے تو فائنل میں ہندوستان اور پاکستان ایک بار پھر آمنے سامنے ہو سکتی ہیں۔ ظاہر ہے کہ ایسا ہوتا ہے تو کرکٹ شیدائیوں کے لیے خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ اس مرتبہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل میں کھیلا جائے گا۔ اب تک دی گئی جانکاری کے مطابق ایشیا کپ کے شروعاتی 4 میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور باقی 9 میچ سری لنکا میں ہوں گے۔ اس بار ایشیا کپ ٹورنامنٹ نیپال کے لیے بہت خاص ہے، کیونکہ وہ پہلی مرتبہ اس میں شریک ہو رہا ہے۔ ایسے میں وہ پاکستان اور ہندوستان کے ساتھ ایک گروپ میں رہتے ہوئے جہاں مشکل میں پھنس گیا ہے، وہیں ایک بھی میچ میں الٹ پھیر کرنے کی صورت میں ’سپر-4‘ کا دعویدار بن سکتا ہے۔