نئی دہلی:بارش کی وجہ سے ہند-پاک میچ مکمل نہیں کھیلے جانے کےسبب رَدہوگیا ۔ دونوں ہی ٹیموں کو 1-1 پوائنٹ مل گئے جس کے بعد پاکستان کے 3 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ گروپ اے سے سپر 4 میں پہنچ گیا ہے۔ اب ہندوستان کا اگلا مقابلہ 4 ستمبر کو نیپال سے ہے۔ یہ میچ ہندوستان کے لیے ’کرو یا مرو‘ والا میچ ہوگا۔ ایسا اس لیے کیونکہ اگر نیپال نے کوئی بڑا الٹ پھیر کر دیا تو ہندوستان کے لیے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا سفر 4 ستمبر کو ہی ختم ہو جائے گا۔
گروپ اے سے سرفہرست 2 ٹیمیں ہی سپر 4 میں جائیں گی اور پہلے پائیدان پر پاکستان کا قبضہ ہو گیا ہے۔ نیپال اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے میچ میں جیتنے والی ٹیم گروپ میں دوسرا مقام حاصل کرے گی اور اس کے ساتھ ہی سپر 4 میں اس کی انٹری بھی ہو جائے گی۔ گروپ بی میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کا مقابلہ سری لنکا نے جیت کر 2 پوائنٹ حاصل کر لیے ہیں۔ 3 ستمبر کو بنگلہ دیش بمقابلہ افغانستان میچ ہونا ہے۔ اگر افغانستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو بنگلہ دیش کا سفر یہیں پر ختم ہو جائے گا۔ اگر بنگلہ دیش کو جیت ملتی ہے تو پھر افغانستان بمقابلہ سری لنکا میچ کا انتظار کرنا پڑے گا جو کہ 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔