نئی دہلی: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئندہ دو سے تین سالوں میں ہندوستان میں 5 کروڑ آئی فون تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ اس کی سالانہ مینوفیکچرنگ کا 25 فیصد ہوگا۔ یعنی دنیا میں استعمال ہونے والے ایک چوتھائی آئی فون ہندوستان میں تیار ہوں گے۔ یہ اطلاع امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، فی الحال ایپل سالانہ 20 کروڑ آئی فون تیار کرتا ہے، جس میں سے بیشتر چین میں تیار ہوتے ہیں۔
گزشتہ کچھ سالوں سے یہ تصویر تبدیل ہو رہی ہے اور اب ہندوستان میں بھی اس مینوفیکچرنگ میں حصہ بڑھنے لگا ہے۔ فی الحال ہندوستان میں 5 فیصد مینوفیکچرنگ ہو رہی ہے اور ایپل ہندوستان میں لگاتار اپنی صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہے۔ ایپل کے لیے مینوفیکچرنگ کرنے والی تائیوانی کمپنیاں فاکسکان اور پیگاٹران ہندوستان میں آئی فون تیار کرتی ہیں۔ یہ کمپنیاں بنگلورو اور چنئی میں اپنے پلانٹ تیار کر رہی ہیں۔ اب ٹاٹا گروپ نے بھی اس میں قدم بڑھانا شروع کیا ہے۔
ٹاٹا گروپ نے حال ہی میں ایک دیگر تائیوانی کمپنی وسٹران کے بنگلورو میں واقع آئی فون پلانٹ کو حاصل کر لیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، اب ٹاٹا گروپ تمل ناڈو کے ہوسور میں ایک بڑا آئی فون اسمبلی پلانٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جس میں 20 آئی فون اسمبلی لائن ہوں گی۔ اس کے علاوہ آئندہ دو سالوں کے اندر 50 ہزار لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ پلانٹ کو آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال میں شروع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس قدم سے ٹاٹا کی ایپل کے ساتھ شراک داری مضبوط ہوگی، جس کے پاس پہلے سے ہی کرناٹک میں ایک آئی فون فیکٹری ہے۔