کوٹا کے نیو میڈیکل کالج میں زچگی (ڈیلیوری) کے لیے لائی گئی ایک اور زچہ کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رواں ماہ اس اسپتال میں دَم توڑنے والی حاملہ خاتون کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ اس موت کے بعد نہ صرف کوٹا بلکہ پورے راجستھان میں ہلچل مچ گئی ہے۔ یہ خاتون باراں ضلع سے 11 نومبر کو ریفر ہو کر یہاں آئی تھی اور علاج کے دوران اگلے ہی دن یعنی 12 نومبر کو اس کی موت ہو گئی۔
ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق خاتون کی شناخت باراں کی رہائشی 31 سالہ زچہ پھولا بائی کے طور پر ہوئی ہے۔ اسپتال سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اسکرب ٹائفس اور ڈینگو کی مشتبہ مریضہ سمجھ کر پھولا بائی کا علاج کیا جا رہا تھا۔ یہ ایک ماہ میں 7ویں موت ہے۔ رپورٹس کے مطابق باراں کے اسپتال سے زچگی سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث اسے 11 نومبر کو ریفر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اہل خانہ مریضہ کو لے کر پہلے ایم بی ایس اسپتال پہنچے، جہاں سے اس کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے اسے نیو میڈیکل کالج اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
زیادہ تر معاملات میں دیکھا گیا ہے کہ باراں، بوندی اور جھالواڑ جیسے آس پاس کے اضلاع سے سنگین حالت میں حاملہ خواتین کو کوٹا ریفر کیا جاتا ہے۔ ان اضلاع سے کوٹا کے اسپتال تک پہنچنے میں ہی علاج کے لیے انتہائی اہم ابتدائی وقت (گولڈن آور) گزر چکا ہوتا ہے۔ کوٹا آنے کے بعد بھی مریضوں کو ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال (جیسے ایم بی ایس سے جے کے لون یا نیو میڈیکل کالج) ریفر کرنے کے عمل میں قیمتی وقت برباد ہوتا ہے، جو کئی بار ماؤں کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔


















