پٹنہ : میڈیا رپورٹس کے مطابق سیوان میں گنڈک ندی پر بنا پُل ہفتہ کے روز اچانک ٹوٹ کر گر گیا۔ اس حادثہ میں حالانکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، لیکن آس پاس کے گاؤں والوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پلر دھنستے ہی کچھ منٹ کے اندر پُل پوری طرح منہدم ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ درونڈا بلاک کے رام گڑھا پنچایت کا یہ پُل بہت پرانا تھا اور پانی کے دباؤ کے سبب پلر میں کٹاؤ ہونے لگا تھا جس سے اچانک پلر گر گیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پل بھی ٹوٹ گیا۔
گنڈک نہر پر بنا یہ پُل مہاراج گنج بلاک کے پٹیڈھی بازار ار دروندا بلاک کے رام گڑھ پنچایت کو جوڑتا تھا۔ اس پُل کے ٹوٹنے سے کئی گاؤں کی آمد و رفت متاثر ہوگی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اب آس پاس کے گاؤں میں جانے کے لیے طویل دوری طے کرنی پڑے گی۔ مقامی عوام نے جلد اس پُل کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔