الموڑا:اتراکھنڈ کے الموڑا میں بھیانک حادثہ رونما ہوا ہے۔ یہاں تقریباً 40 مسافروں سے بھری بس گہری کھائی میں گر گئی، جس میں اب تک36 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ابتدائی خبروں میں مہلوکین کی تعداد 20 بتائی گئی تھی، لیکن اب یہ تعداد کافی بڑھ چکی ہے۔ یہ حادثہ گڑھوال-رام نگر روٹ پر سالٹ کے قریب پیش آیا۔ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایس ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت و بچاؤ کام میں جٹ گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق پیر کی صبح گوری کھال سے ایک بس رام نگر کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ بس میں 40 سے زیادہ لوگ سوار تھے۔ سالٹ کے کوپی کے پاس ڈرائیور نے بس پر سے اپنا قابو کھو دیا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے بس گہری کھائی میں جا گری۔ بس کے گرتے ہی لوگوں کی چیخ و پکار شروع ہو گئی۔ حادثہ کے وقت کچھ مسافر باہر گر پڑے۔ زخمی مسافروں نے صبح قریب 9 بجے کنٹرول روم کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔