نئی دہلی(یو این آئی) قدیم زمانے سے ہی جنگل میں رہنے والوں نے فطرت سے ہم آہنگ رہنے کی ایک منفردمثال قائم کی ہے ۔ قبائلیوں اور خاص طور پر کمزور قبائلی گروپوں کا طرز زندگی ہمیشہ فطرت سے ہم آہنگ رہا ہے اور جدید دنیا کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ہے ۔ا ن خیالات کا اظہارلوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ ہائوس کے سنٹرل ہال میں پارلیمانی ڈیموکریسی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں خاص طور پر کمزور قبائلی گروپوں کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے جنگلات کی پیداوار کے ساتھ ساتھ قبائلی افراد کے فن اور دستکاری کے بارے میں بتایا جس کی انفرادیت کی وجہ سے ان کی مانگ پوری دنیا میں بڑھ گئی ہے ۔ اس سے ان روایات کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ایسے گروپوں کے بارے میں معلومات پھیلانے میں مدد ملے گی۔ مسٹر برلا نے کہا کہ اس کے ذریعے کمزور قبائلی گروپ اپنی روایتی اقدار اور ہنر کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔