نئی دہلی : جی20سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعدسعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبداللہ العزیز 11 ستمبر سے ہندوستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔یہ اطلاع وزارت خارجہ کی طرف سے جاری نوٹس میںدی گئی ہے ۔اس سے پہلے فروری 2019 میں سعودی ولی عہد نے فروری میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور یہ ان کا دوسرا ہندوستانی دورہ ہے۔ ان کے دورے میں کئی وزرا اور اعلیٰ سطحی عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔
سعودی شہزادہ اور وزیراعظم 11 ستمبر کو صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ پی ایم مودی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ دونوں رہنما سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے پہلے لیڈروں کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی، سیکورٹی، ثقافتی، سماجی، سرمایہ کاری میں تعاون اور مالیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت گہرے تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت 2022-23 میں 52.75 بلین کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ جہاں ہندوستان سعودی عرب کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، وہیں سعودی عرب ہندوستان کے لیے چوتھا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ توانائی کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔ سعودی عرب میں تقریباً 2.4 ملین ہندوستانی رہتے ہیں اور مملکت ہر سال 175,000 ہندوستانیوں کے لیے حج کا اہتمام کرتی ہے۔