کانگریس لیڈر سپریا شرینیت نے انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکابومنگ راکا کے استعفیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بی بی سی کی ایک خبر شیئر کی جس میں لکھا ہے کہ ’’انڈونیشیا کے نائب صدر نے ہائی اسکول میں بے ضابطگی کے باعث استعفیٰ دیا ہے۔‘‘ اسی بنیاد پر انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ اور اراکین پارلیمنٹ پر طنز کسا ہے۔
سپریا شرینیت نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’انڈونیشیا کے نائب صدر نے ہائی اسکول سرٹیفکیٹ میں گڑبڑی کے باعث استعفیٰ دے دیا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ہندوستان میں اگر شرم ہو تو نصف مودی کابینہ اور اراکین پارلیمنٹ کو استعفیٰ دینا پڑ جائے، جعلی ڈگری والوں کی جماعت ہے یہاں۔‘‘ اس معاملے میں سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے انڈونیشیا کے نائب صدر کے مستعفی ہونے کی ایک خبر کو شیئر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’ہمارے پاس ایک ایسے پی ایم ہیں جنہوں نے اپنے کالج کے سرٹیفکیٹ تک پبلک ڈومین میں رکھنے سے انکار کر دیا!
واضح رہے کہ انڈونیشیا کے نائب صدر جبران نے 12 نومبر کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا پیپلز کنسلٹیٹو اسمبلی (ایم پی آر) کی قیادت کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ 39 سالہ جبران سابق صدر جوکو ویڈوڈو کے بیٹے ہیں۔ ان کی تعلیمی دستاویزات کے متعلق تنازعہ نے گزشتہ ماہ اس وقت شدت اختیار کر لی جب انڈونیشیا کی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں میں انتخاب کے وقت جمع کیے گئے ان کی بیرون ملک تعلیم سے متعلق دستاویزات کی اہلیت پر سوال اٹھے۔


















