اتر پردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخاب ہونا ہے، جس کے پیش نظر سبھی بڑی چھوٹی پارٹیاں سرگرم نظر آ رہی ہیں۔ اس درمیان رکن پارلیمنٹ چندرشیکھر آزاد اور اسدالدین اویسی نے آپس میں اتحاد کرنے کا اعلان کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ اس اتحاد کا نام ’سماجک پریورتن مورچہ‘ رکھا گیا ہے اور اتحاد نے وزیر اعلیٰ امیدوار کے نام کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) اور اے آئی ایم آئی ایم کی جانب سے منعقد مشترکہ پریس کانفرنس میں چندرشیکھر آزاد کا نام بطور وزیر اعلیٰ امیدوار سامنے رکھا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے چندرشیکھر آزاد نے کہا کہ جو اتحاد آپ کے سامنے پیش کیا گیا ہے، اس کا نام ’سماجک پریورتن مورچہ‘ ہے۔ اس میں فی الحال 2 پارٹیاں شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ تیسرا محاذ نہیں، یہ پہلا محاذ ہے۔ یہ بہت مضبوط محاذ ہے۔ جیسے جیسے اس میں کمزور، متاثرہ لوگ جڑتے جائیں گے، ویسے ویسے یہ محاذ مضبوط ہو جائے گا۔‘‘ انھوں نے 26 نومبر کو رمابائی امبیڈکر میدان میں ریلی کرنے کا اعلان بھی کیا، ساتھ ہی کہا کہ یہ محاذ ریاست کی سبھی 403 سیٹوں پر انتخاب لڑے گا۔
چندرشیکھر آزاد نے بہوجن طبقہ کے ساتھ ہو رہی ناانصافی کا ذکر خاص طور سے پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ طویل مدت سے پارٹیوں نے وعدہ کیا کہ وہ بہوجن سماج کے ساتھ ہیں اور ان کے حق کے لیے کام کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بہوجن سماج کے حق میں کچھ بھی نہیں کیا گیا، آج جو کسی طرح سے پڑھ گیا، وہ بھی بے روزگار ہے۔ جو آواز اٹھاتا ہے، اس کے خلاف کیس درج ہوتے ہیں، لاٹھیاں چلائی جاتی ہیں۔ اب تو قانون بنا دیا ہے کہ جو آواز اٹھائے گا، اسے سرکاری ملازمت نہیں ملے گی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میرا ماننا ہے اب بے عزتی کا گھونٹ نہیں پینا ہے۔ اب خود طاقتور بنیں گے، کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔ ان سبھی کی مدد کریں گے جو متاثرہ، استحصال زدہ اور محروم ہیں۔‘‘
اسدالدین اویسی نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ ’’چندرشیکھر نے اپنی ترجیحات بتا دی ہیں، اور میں یقین سے کہتا ہوں کہ بی جے پی کو تیسری بار اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے یہ مضبوط متبادل ہوگا۔ ان انتخابات میں بی جے پی کو روکنے کے ساتھ ہی بے روزگاروں، کسانوں کے ایشوز پر ہماری لڑائی ہوگی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ آج جو اتحاد بنا ہے، وہ ایک مضبوط متبادل بنے گا۔ ریاست میں سماجی تبدیلی لانا مقصد ہے اور ہم لوگ بہتر مستقبل کے لیے سیاست کریں گے۔


















