مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے بارامتی میں ایک المناک طیارہ حادثے میں انتقال کے بعد ریاست میں 3 روزہ سوگ کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ اجیت پوار کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’’میں صدمے میں ہوں۔ ہم سب ان کے اہل خانہ اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اہل خانہ کے بارامتی پہنچنے کے بعد ہم آگے کی کارروائی پر تبادلہ خیال کریں گے اور فیصلہ لیں گے۔ ایکناتھ شندے جی اور میں بارامتی جا رہے ہیں۔ ہم نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بھی واقعہ کے متعلق اطلاع دے گی۔ ہم سب صدمے میں ہیں۔
دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’’مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی ایک طیارے حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ ریاست میں دکھ کا ماحول ہے۔ ان کے جیسا لیڈر کھونا ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ ذاتی زندگی میں وہ ایک اچھے دوست تھے۔ ہم نے مل کر کئی چیلنجوں کا سامنا کیا۔ جس وقت وہ مہاراشٹر کی ترقی میں اپنا تعاون دے رہے تھے، اس وقت ان کا بے وقت انتقال ایک بڑا نقصان ہے۔ ہم ان کے ساتھ ہیں، میں ایکناتھ شندے کے ساتھ آج بارامتی جاؤں گا۔ میں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو اس واقعہ کے متعلق اطلاع دے دی اور انہوں نے اس پر غم کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بدھ کو بارامتی تعلقہ میں ضلع پریشد اور پنچایت کمیٹی کے عام انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف جلسوں سے خطاب کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران 8:45 پر ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا اور ان کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔ ان کا پروگرام صبح 10 بجے نیراواگج سے شروع ہونا تھا، جس کے بعد دوپہر 12 بجے پنڈھرے میں جلسہ کرنا تھا۔ دوپہر3 بجے کرنجے پل میں عوامی جلسے سے خطاب کے بعد ان کا آخری پروگرام شام 5:30 بجے سوپا میں ہونا تھا۔
















