کانگریس نے ہفتہ کے روز وزیراعظم نریندر مودی پر بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ’ووٹ ریوڑی‘ بانٹنے کا الزام عائد کیا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ وزیراعظم نے کل ہی بہار کی خواتین کو مالی امداد دینے کا جو اعلان کیا ہے، وہ دراصل انتخابی فائدے کے لیے ایک وقتی حربہ ہے۔
جے رام رمیش نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’کرناٹک حکومت گزشتہ دو برسوں سے ’گریہ لکشمی یوجنا‘ کے تحت 1.3 کروڑ خواتین کو ہر ماہ دو دو ہزار روپے فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم مودی مسلسل اس اسکیم کی تنقید کرتے رہے ہیں اور اسے ’ریوڑی کلچر‘ قرار دیتے رہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اب وہی وزیراعظم بہار میں اسمبلی انتخابات سے چند روز قبل خواتین کو ایک مرتبہ کی ادائیگی کا اعلان کر کے ووٹ بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بہار کے لیے ’مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا‘ کی شروعات کی، جس کے تحت 75 لاکھ خواتین کو دس ہزار روپے کی پہلی قسط براہِ راست بینک کھاتوں میں بھیجی گئی۔ رمیش نے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے چند دن پہلے ووٹ حاصل کرنے کا ایک ہتھکنڈا قرار دیا۔