راجستھان کے اجمیر میں موجود مشہور ’7 وَنڈرس پارک‘ پر بلڈوزر چل گیا، اور جلد ہی یہ پارک میدان کی شکل اختیار کر لے گا۔ یہ بلڈوزر کارروائی سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ہوئی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے دنیا کے 7 عجائب کی ہوبہو نقل پر مشتمل اس پارک کو ہٹانے کا فیصلہ 6 ماہ قبل ہی دیا تھا، اور اب اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔تقریباً 12 کروڑ روپے خرچ کر تیار کیے گئے اس پارک کو افسران کی لاپروائی کے سبب تباہی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سپریم کورٹ کی مداخلت اور طے وقت میں پارک کو ہٹانے کا عمل پورا کرنے کے دباؤ میں بلڈوزر کارروائی جمعہ، یعنی 12 ستمبر کو شروع کی گئی۔ اجمیر واقع ’7 وَنڈرس پارک‘ میں جمعہ کی صبح سویرے ہی انتظامیہ کا عملہ جمع ہونا شروع ہو گیا تھا اور پھر دنیا کے 7 عجوبوں کی ہو بہو نقل پر بلڈوزر چلانا شروع کر دیا۔
سپریم کورٹ نے 6 ماہ قبل ہی اس پارک کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے بعد اجمیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اے ڈی اے) نے کارروائی کے لیے ٹنڈر جاری کیا تھا۔ اس کے لیے صرف ایک ہی کمپنی نے بولی لگائی تھی، جس کی وجہ سے ٹنڈر کو منسوخ کرنا پڑ گیا تھا۔ 6 ماہ قبل جب سپریم کورٹ نے اس پارک کو ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا، تو صرف ایک ہی مجسمہ کو ہٹایا گیا تھا۔ اس سست رفتاری پر سپریم کورٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔
بعد میں اے ڈی اے نے پھر سے ٹنڈر جاری کیا اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس مرتبہ زائد بولیاں موصول ہوں گی۔ چونکہ ضلع انتظامیہ نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ پیش کیا تھا کہ 17 ستمبر تک ’7 وَندرس پارک‘ میں موجود ڈھانچوں کو ہٹا دیا جائے گا، اس لیے 12 ستمبر کو آناً فاناً میں بلڈوزر کارروائی شروع کی گئی۔ رواں سال 25 فروری کو ہوئی سماعت میں اسمارٹ سٹی کی اے سی ای او اور میونسپل کارپوریشن کمشنر کی طرف سے سپریم کورٹ میں حلف نامہ پیش کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس پر ناراضگی ظاہر کی تھی اور حلف نامہ کو منظور نہیں کیا تھا۔