ممبئی ایئرپورٹ پر16اگست کو ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ یہاں ایک انڈیگو مسافر طیارہ کا پچھلا حصہ پرواز بھرتے وقت رَنوے سے ٹکرا گیا، جس نے ایئرپورٹ پر ہلچل پیدا کر دی۔ حالانکہ اس واقعہ میں کسی طرح کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ سبھی مسافر مکمل طور پر محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔ انڈیگو ایئرلائنس کا اس سلسلے میں بیان بھی سامنے آ گیا ہے، جس میں بتیا گیا ہے کہ مسافروں اور پائلٹ ٹیم کی حفاظت اس کے لیے پہلی ترجیح ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق انڈیگو کے اے 321 طیارہ کا پچھلا حصہ رَنوے سے چھو گیا تھا۔ ایئرلائنس کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے سبب پائلٹ نے لینڈنگ کی جگہ ’گو-اراؤنڈ‘ (دوبارہ پرواز کا عمل) کرنے کا فیصلہ لیا۔ اسی دوران طیارہ کا پچھلا حصہ رَنوے سے ٹکرا گیا۔ انڈیگو کے ترجمان نے بتایا کہ 16 اگست 2025 کو ممبئی میں خراب موسم کے سبب کم اونچائی پر پرواز بھرتے وقت انڈیگو ایئربس اے 321 طیارہ کا پچھلا حصہ رَنوے سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد طیارہ نے مزید ایک پرواز بھری اور پھر بہ حفاظت لینڈنگ کا عمل انجام دیا گیا۔