ہری دوار کے منسا دیوی مندر راستے پر اتوار کو خوفناک بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے میں کم سے کم 6 افراد کی موت ہو گئی جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ شروعاتی طور پر سامنے آیا ہے کہ سیڑھیوں پر بہت زیادہ بھیڑ تھی اور اچانک وہاں کچھ لوگوں کو کرنٹ لگنے کی افواہ پھیل گئی۔ کرنٹ کا ہنگامہ سن کر لوگ خود کو بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگنے لگے اور شدید بھگدڑ مچ گئی۔
’لائیو ہندوستان‘ کی خبر کے مطابق حادثہ اس جگہ پر ہوا ہے جہاں مشہور منسا دیوی مندر کے لیے چڑھائی شروع ہوتی ہے۔ یہ علاقہ رام پرساد کی گلی کے طور پر مشہور ہے۔ ساون کا مہینہ ہونے کی وجہ سے ہری دوار میں ہر دن کروڑوں عقیدت مند پہنچ رہے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ نہانے کے بعد منسا دیوی کے درشن کے لیے جاتے ہیں۔ کچھ عقیدت مند روپ وے اور باقی سیڑھیوں کے سہارے مندر تک پہنچتے ہیں۔
ہری دوار کے ایس ایس پی پرمیندر سنگھ ڈوبھال نے نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ سے بات چیت میں کہا کہ 9 بجے انہیں پولیس کنٹرول روم کے توسط سے اطلاع ملی تھی کہ منسا دیوی مندر راستے پر بھگدڑ میں کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ فوری طور پر پولیس اہلکاروں نے لوگوں کے تعاون سے 35 زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ ان میں سے 6 کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھگدڑ کی وجہ کو لے کر انہوں نے کہا کہ پہلی نظر میں یہ سمجھ میں آیا ہے کہ مندر کےراستے میں قریب 100 میٹر نیچے سیڑھیوں پر کرنٹ پھیلنے کی افواہ کے بعد بھگدڑ ہوئی۔ ابھی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔بہار سے آئے ایک زخمی عقیدت مند نے کہا کہ اچانک وہاں بہت بھیڑ ہو گئی تھی۔ بہت سے لوگ گر گئے۔ بھگدڑ میں بہت سے لوگوں کو نقصان ہوا ہے۔