نئی دہلی :آپریشن سندور کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہفتہ کو جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔ مذاکرات کا پہلا دور پ12 مئی کو پاکستان اور ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کے درمیان ہوا۔ پاکستان کے دفاعی ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور ان کے ہندوستانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی نے ہاٹ لائن پر ایک دوسرے سے بات کی۔
ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اس عزم کو جاری رکھنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ دونوں فریق ایک بھی گولی نہیں چلائیں گے۔ ایک دوسرے کے خلاف کوئی جارحانہ اور معاندانہ اقدام نہیں کریں گے۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریق سرحدوں اور آگے کے علاقوں سے فوجیوں کی تعداد میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات پر غور کریں گے۔ ہفتے کے روز زمینی، فضائی اور سمندری ہر قسم کی فائرنگ اور فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کے معاہدے کے اعلان کے بعد دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے کل پیر کو پہلی بار بات کی۔
فوج کے مطابق، اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں اطراف، ہندوستان اور پاکستان، سرحدوں اور آگے کے علاقوں سے فوجیوں کی تعداد میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات پر غور کریں۔ جس میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات چیت میں پاکستان نے کہا ہے کہ اب وہ اس تنازع کو آگے نہیں لے جائے گا۔ پاکستان نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔