نئی دہلی: دہلی میں شدید گرمی اور مسلسل بجلی کی کٹوتی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اتوار کو درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا اور کئی علاقوں میں رات بھر بجلی غائب رہی۔ ایسے حالات میں دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر سخت تنقید کی ہے۔آتشی نے الزام لگایا کہ دہلی کے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے لیکن وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا زمینی حقیقت کو جھٹلا رہی ہیں۔ آتشی کے مطابق وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ دہلی میں کہیں کوئی پاور کٹ نہیں ہو رہا، بلکہ لوگ اپنی مرضی سے کینڈل لائٹ ڈنر کے لیے لائٹس بند کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا، “کیا دہلی کے سبھی شہری جھوٹ بول رہے ہیں؟ کیا سب نے کینڈل لائٹ ڈنر کے لیے خود سے بجلی بند کر دی ہے؟” آتشی نے کہا کہ یہ عوام کی تکلیف کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر آتشی نے رات بھر بجلی کی کٹوتی سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کی تفصیلات شیئر کیں۔ ان کے مطابق:بھجن پورہ میں رات 11:05 پر بجلی چلی گئی۔ سنگم وہار (سی بلاک) میں رات 12:44 پر بجلی بند تھی۔ کملا نگر میں رات 1:51 پر ایک گھنٹے سے زیادہ بجلی غائب رہی۔ جیون پارک، اُتم نگر میں رات 1:52 سے بجلی نہیں تھی۔ سیکٹر 2، دوارکا میں رات 1:53 سے دو گھنٹے تک بجلی نہیں آئی۔ سونیا وہار میں صبح 4:16 سے بجلی نہیں تھی۔ بھوگل میں صبح 4:26 سے ایک گھنٹے سے زائد کی کٹوتی رہی۔
آتشی کا دعویٰ ہے کہ یہ شکایات کرنے والے سبھی بی جے پی کے حامی ہیں، اس کے باوجود وہ بجلی کی کمی پر سراپا احتجاج ہیں۔ اس کے علاوہ، کوٹلہ مبارک پور کے رہائشیوں نے وولٹیج میں اتار چڑھاؤ کی شکایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں مسلسل بجلی کی آنکھ مچولی ہو رہی ہے اور حکومت اسے تسلیم کرنے سے انکار کر رہی ہے۔ آتشی نے طنز کرتے ہوئے کہا، "کیا کملا نگر، سنگم وہار، بھوگل اور اُتم نگر جیسے علاقے وزیر اعلیٰ کی نظروں میں خیالی ہیں؟”اپنے بیان کے آخر میں آتشی نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے اپیل کی کہ وہ دہلی کے عوام کی پریشانیوں کو سنجیدگی سے لیں اور ان کے مسائل کا حل نکالیں۔ انہوں نے کہا، “دہلی والے پرفارمنس چاہتے ہیں، مزاح نہیں۔ بجلی چاہیے، مذاق نہیں۔