نئی دہلی:مہا کمبھ میں سنگم اسنان کے لیے پریاگ راج جانے والے عقیدت مندوں کی بھیڑ بڑھنے سے ہفتہ کی رات نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچ گئی۔ اس حادثہ میں اب تک 18 لوگوں کے مارے جانے کی خبر ہے جبکہ 25 سے زیادہ زخمی ہیں۔ میڈیاکی خبر کے مطابق ریلوے بورڈ کے چیئرمین ستیش کمار نے اسٹیشن پر پہنچ کر واقعہ کا جائزہ لیا اور معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم دیا۔ادھر نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہوئے بھگدڑ واقعہ پر ریلوے نے معاوضہ کا اعلان کر دیا ہے۔ ریلوے نے بھگدڑ میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں شدید زخمیوں کو ڈھائی لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی لوگوں کو ایک لاکھ روپے کی مالی مدد دی جائے۔
بھگدڑ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریل اشونی ویشنو نے کہا، "نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہوئے بھگدڑ واقعہ سے میں بہت غمزدہ ہوں۔ میری تعزیت ان سبھی لوگوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے قریبیوں کو کھو دیا ہے۔ پوری ٹیم اس افسوسناک واقعہ سے متاثر لوگوں کی مدد کے لیے کام کر رہی ہے۔” انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی جانچ کے حکم دے دیے گئے ہیں۔ اس درمیان دہلی کے ایل جی وی کے سکسینہ اور کارگذار وزیر اعلیٰ آتشی اور دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں سے ملاقات کی۔