نئی دہلی :نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی دیر رات ہوئی بھگدڑ میں موت سے غم کا ماحول ہے۔ اس حادثے میں 18 لوگوں نے اپنی جان گنوائی ہے۔ وہیں بڑی تعداد مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ‘پربھات خبر’ کے مطابق مرنے والوں میں 9 خواتین، 4 مرد اور 5 بچے شامل ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ بہار کے 9، قومی راجدھانی دہلی کے 8 اور ہریانہ کے ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ پلیٹ فارم 13 اور 14 پر ہوئے حادثہ کے وقت ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند پریاگ راج مہا کمبھ میں جانے کے لیے اسٹیشن پر جمع ہو گئے تھے اور ٹرین میں چڑھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس درمیان بھگدڑ مچ گئی اور یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
بھگدڑ کے بعد ریلوے اسٹیشن پر حادثے کے چشم دید ایک قلی نے بتایا، "میں 1981 سے قلی کا کام کر رہا ہوں۔ میں نے پہلے کبھی اس طرح کی بھیڑ نہیں دیکھی۔ پریاگ راج اسپیشل کو پلیٹ فارم نمبر 12 سے روانہ ہونا تھا، لیکن اسے پلیٹ فارم نمبر 16 پر شفٹ کر دیا گیا۔ جب پلیٹ فارم نمبر 12 پر انتظار کر رہی بھیڑ اور باہر انتظار کر رہی بھیڑ نے پلیٹ فارم 16 پر پہنچنے کی کوشش کی تو لوگ آپس میں ٹکرانے لگے اور ایسکلیٹر اور سیڑھیوں پر گر گئے۔ بھیڑ کو روکنے کے لیے قلی وہاں جمع ہو گئے۔ ہم نے کم سے کم 15 لاشوں کو دیکھا اور ایمبولینس میں رکھوایا۔ پلیٹ فارم پر ہر طرف جوتے اور کپڑے بکھرے پڑے تھے۔ ہم نے پولیس، فائر ٹینڈر کو بلایا اور 4-3 ایمبولنس وہاں پہنچی اور لوگوں کو اسپتال لے جایا گیا۔