نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے احتجاج کا منفرد انداز اپناتے ہوئے پارلیمنٹ کے احاطے میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو گلاب کا پھول اور ترنگا پیش کیا۔ جیسے ہی راجناتھ سنگھ پارلیمنٹ میں داخل ہونے کے لیے گاڑی سے اترے، راہل گاندھی اور دیگر کانگریسی رہنما ان کے قریب گئے اور انہیں گلاب اور ترنگا پیش کیا۔یہ واقعہ پارلیمنٹ کے باہر اپوزیشن کے احتجاج کے دوران پیش آیا، جہاں اپوزیشن نے حکومت پر امریکہ میں اڈانی کے خلاف رشوت کے الزامات پر بحث سے گریز کا الزام لگایا۔
اس موقع پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا، ’’ہم گاندھی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے حکومت کے اراکین کو ترنگا اور گلاب پیش کر رہے ہیں تاکہ انہیں یاد دلائیں کہ اڈانی کے ہاتھوں ملک کو نہ بیچیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پارلیمنٹ کی کارروائی روکنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ اپوزیشن مسلسل مطالبہ کر رہی ہے کہ اڈانی کی لوٹ پر بحث کی جائے۔
یاد رہے کہ 20 نومبر کو پارلیمانی اجلاس شروع ہونے کے بعد سے ہی دونوں ایوانوں میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ہنگامہ جاری ہے۔ کانگریس نے اڈانی معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا جبکہ بی جے پی نے کانگریس کی اعلیٰ قیادت پر قابل اعتراض الزامات عائد کئے ہیں۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس لیڈران کے امریکی صنعت کار جارج سوسوس سے مراسم ہیں جو، ہندوستان مخالف سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں۔
منگل (10 دسمبر) کو اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک نے ایوان بالا راجیہ سبھا جگدیپ دھنکڑ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے تحریک پیش کرنے کا نوٹس دیا۔ اپوزیشن نے ان پر جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ اگرچہ 243 ارکان کی راجیہ سبھا میں ان کے پاس ضروری اکثریت نہیں ہے، تاہم اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔