نئی دہلی: 70 ویں قومی فلم ایوارڈ تقریب میں بالی ووڈ کے معروف اداکار متھن چکرورتی کو سنیما کی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیا گیا جبکہ کنڑ فلموں کے سپر اسٹار رشبھ شیٹی کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلم ایوارڈز تقریب میں مختلف زبانوں کی بہترین ہندوستانی فلموں کو صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔ بہترین فلم سے بہترین اداکار و اداکارہ تک کئی زمروں میں ایوارڈز دیے گئے۔ 70 ویں نیشنل فلم ایوارڈز یکم جنوری سے 31 دسمبر 2022 تک سنسر بورڈ سے تصدیق شدہ فلموں کو دیے گئے ہیں ۔ متھن کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کنڑ فلموں کے سپر اسٹار رشبھ شیٹی نے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا ۔ انہیں ان کی فلم ‘کنتارا’ کیلئے بہترین اداکار ایوارڈ ملا ۔