پٹنہ: بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی یادو نے ریاست کی نتیش کمار حکومت پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے تمام محکموں میں تیزی سے ٹینڈرز نکالے جا رہے ہیں اور ہر ایک میں وزرا کے لیے 30 فیصد کمیشن طے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا عمل انتخابی اخراجات پورے کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ دارالحکومت پٹنہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ حکومت جان چکی ہے کہ اب وہ اقتدار میں واپس نہیں آئے گی، اس لیے جلد بازی میں فیصلے لیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین مہینے میں کابینہ اجلاس کے دوران 76 ہزار کروڑ روپے کے منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے، جن میں زیادہ تر منصوبے تعمیرات سے متعلق ہیں۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ریاست میں مالی بدنظمی کا یہ حال ہے کہ ہر سال 25 سے 30 ہزار کروڑ روپے قرض کی ادائیگی میں خرچ ہو جاتے ہیں، اس پر سود الگ سے عائد ہوتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سرکاری خزانے کا استعمال اپنی سیاسی تشہیر اور انتخابی مہم کے لیے کر رہی ہے۔