مرادآباد: اترپردیش کے مرادآباد میں بینک آف بڑودہ کی ایک شاخ میں لاکر میں رکھی گئی بھاری رقم کو دیمک کھا گئے۔بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون نے 18 لاکھ روپے کی رقم بینک کے لاکر میں رکھی تھی گزشتہ روز جیسے ہی اس نے اپنا لاکر کھولا تو اسے یقین نہ آیا اور گھبرا گئی کیونکہ لاکر میں رکھے نقدی کے بہت سارے نوٹ پاؤڈر میں بدل گئے تھے۔ خاتون نے برانچ منیجر کو اس کی اطلاع دی اور اس کے بعد تفتیش شروع کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مرادآباد کے آشیانہ میں رہنے والی الکا پاٹھک نامی خاتون نے اپنی چھوٹی بیٹی کی شادی کے لیے 18 لاکھ روپے نقدی کے ساتھ زیورات بھی لاکر میں رکھے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ خاتون نے یہ رقم گزشتہ سال اکتوبر میں رام گنگا وہار برانچ میں جمع کرائی تھی۔ گزشتہ پیر کو خاتون اپنےکے وائی سی کے لیے آئی تھی اور اس دوران اس نے چیک کرنے کے لیے اپنا لاکر کھولا۔ پھر اس نے دیکھا کہ دیمک نے نوٹوں کو کھا لیا۔ پھر اس نے بینک کو اس کی اطلاع دی۔ خاتون کے مطابق اس نے اپنی بڑی بیٹی کی شادی میں مہمانوں سے ملنے والی رقم محفوظ کر لی تھی۔ اس کے علاوہ اس نے کاروبار اور ٹیوشن پڑھا کر پیسے بچائے تھے جس سے وہ اپنی چھوٹی بیٹی کی شادی کرنا چاہتی تھی۔