نئی دہلی : ایشیا کپ 2023 کے لئے بالآخر ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی سلیکٹرز نے دہلی میں ہونے والی میٹنگ کے بعد ٹورنامنٹ کے لئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ سنجو سیمسن کو بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے۔ روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم انڈیا ایشیا کپ میں اترے گی۔ کے ایل راہل اور شریس ایئر کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ دونوں کھلاڑی ابھی تک انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ تلک ورما پہلی مرتبہ ون ڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ لیگ اسپنر یجویندر چہل کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ ہاردک پانڈیا پہلے کی طرح نائب کپتان ہوں گے۔ گزشتہ سال ہونے والے ایشیا کپ کی بات کریں تو ہندوستانی ٹیم فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی تھی۔ ٹیم گروپ راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئی۔ ایسے میں ٹیم اس مرتبہ اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا چاہے گی۔
روہت شرما کے علاوہ شبھمن گل، وراٹ کوہلی، تلک ورما، شریس ایئر اور سوریہ کمار یادو کو بطور بلے باز ایشیا کپ کے لئے منتخب ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ ایشان کشن اور کے ایل راہل کو وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ آل راؤنڈر کے طور پر ہاردک پانڈیا، شاردل ٹھاکر، اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ کلدیپ یادو بطور اسپنر میدان اتریں گے ۔
وہیں تیز گیند باز کے طور پر جسپریت بمراہ، محمد سمیع، پرسدھ کرشنا اور محمد سراج کو ایشیا کپ کے لئے ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے ورلڈ کپ ٹیم کے بارے میں کہا کہ فہرست 5 ستمبر کو دی جانی ہے۔ تو ہمارے پاس اب بھی وقت ہے۔ نمبر 4 کے بارے میں روہت شرما نے کہا کہ یہ صرف اس جگہ کی بات نہیں ہے۔ نمبر-5 اور نمبر-6 کی جگہ بھی اہم ہے۔ ایسی صورتحال میں ہر کھلاڑی کے پاس اچھا کرنے کا موقع ہوتا ہے۔
ایشیا کپ کے لئے ہندوستانی اسکواڈ
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، شریس ایئر، رویندر جڈیجہ، جسپریت بمراہ، محمد سمیع، محمد سراج، کلدیپ یادو، ایشان کشن (وکٹ کیپر) اکشر پٹیل، شاردل ٹھاکر، سوریہ کمار یادو، تلک ورما، پرسدھ کرشنا، سنجو سیمسن (ریزرو)۔