نئی دہلی: دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا سے منسلک دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں ایک تازہ پیش رفت میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو تاجر دنیش اروڑہ کو گرفتار کر لیا۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق ای ڈی نے اس گرفتاری پر سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے۔
ای ڈی نے اپنی پچھلی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اروڑہ نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی فنڈ جمع کرنے کے حصے کے طور پر سسودیا کو 82 لاکھ روپے دیے تھے۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے ایک خصوصی عدالت کے سامنے ایک عرضی دائر کی تھی جس میں انہیں اس کیس میں سرکاری گواہ بنانے کی اجازت طلب کی تھی۔
خیال رہے کہ یکم جون کو اروبندو گروپ کے سرتھ چندر ریڈی ای ڈی کیس میں سرکاری گواہ بن گئے تھے۔ ای ڈی نے پہلے اس کیس کے سلسلے میں اپنی چارج شیٹ میں ان کا نام لیا تھا۔
ای ڈی نے ایک ضمنی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ وجے نائر نے ‘ساؤتھ گروپ’ کے عآپ لیڈروں کی جانب سے 100 کروڑ روپے کی رشوت وصول کی تھی، جن کے اہم افراد مگونٹا سری نواسلو ریڈی، راگھوا مگونٹا، سرتھ ریڈی اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کا نام کے کویتا ہیں۔