رائچور: کرناٹک کے رائچور ضلع کے سروار شہر میں بدھ کو اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب میسور کے سابق حکمران ٹیپو سلطان کے مجسمے کو چپلوں کی مالا پہنائی گئی ۔ بدھ کو علی الصبح کچھ شرپسند عناصر نے ٹیپو سلطان کے مجسمے کو چپلوں کی مالا پہنادی اور جب صبح لوگوں کو اس کا علم ہوا تو اس سے لوگوں میں غم غصہ کی لہر دوڑ گئی ۔ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگ آگے آئے ہیں اور ٹیپو سرکل پر احتجاج کیا۔ انہوں نے احتجاجی مقام پر ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس جائے واقعہ پر پہنچ گئی ہے اور شرپسندوں کے بارے میں سراغ حاصل کرنے کے لئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔ واقعے کے بارے میں مزید معلومات سامنے آنی باقی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ٹیپو سلطان کے نام کو لے کر کرناٹک میں کافی عرصے سے تنازع چل رہا ہے۔