تھوبل:راہل گاندھی نے منی پور کے تھوبل سے بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کر دی ہے۔ اس سے قبل کھونگ جوم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منی پور میں لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچایا گیا لیکن آج تک ملک کے وزیر اعظم عوام کے آنسو پونچھنے منی پور نہیں آئے، یہ شرم کی بات ہے۔راہل گاندھی نے مزید کہا، ’’میں 2004 سے سیاست میں ہوں۔ میں پہلی بار ہندوستان کی ایک ایسی ریاست میں گیا جہاں حکومت کا پورا ڈھانچہ تباہ ہو چکا تھا۔ جسے ہم منی پور کہتے تھے اب وہ منی پور نہیں رہا۔ ہر کونے میں نفرت پھیل گئی۔ لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا۔ بھائی بہن اور ماں باپ ہماری آنکھوں کے سامنے مارے گئے۔ آج تک ملک کا وزیر اعظم آپ کے آنسو پونچھنے، آپ کو گلے لگانے یا آپ کا ہاتھ پکڑنے منی پور نہیں آیا۔ یہ شرم کی بات ہے۔ شاید مودی جی کے لیے، بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیے، منی پور ہندوستان کا حصہ نہیں ہے۔ آپ کا دکھائی دینے والا درد ان کا درد اور تکلیف نہیں ہے۔
دریں اثناءراجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے کہا، ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا ایک تاریخی یاترا ہے۔ راہل گاندھی منی پور سے امن اور محبت کے پیغام کے ساتھ نیائے یاترا کی شکل میں نکلے ہیں، جہاں اتنا تشدد ہوا ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، امیر اور غریب کا فرق بڑھتا جا رہا ہے، ان تمام مسائل پر انصاف ہونا چاہیے۔