نئی دہلی: جنتا دل یونائیٹڈ ۔ جے ڈی یو نےکہا کہ بہار کے آئندہ اسمبلی انتخابات وزیراعلی نتیش کمار کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس ۔ این ڈی اے کے ساتھ لڑے جائیں گے ۔جے ڈی یو کے کارگزار صدر اور راجیہ سبھا میں پارٹی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر سنجے کمار جھا، مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ اور قومی سکریٹری راجیو رنجن پرساد نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آنے والے بہار اسمبلی انتخابات نتیش کی قیادت میں ہوں گے ۔ جے ڈی یو این ڈی اے کے اندر رہ کر الیکشن لڑے گی۔للن سنگھ نے اتحاد میں کسی بھی دراڑ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے اس وقت کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کوویڈ کے دور میں بہار اور پوروانچل کے لوگوں کو نوئیڈا میں دہلی کی سرحد پر چھوڑ دیا تھا۔ اس کے بعد بہار حکومت نے ان لوگوں کی مدد کی۔ بہار حکومت نے ریاست سے باہر رہنے والے 25 لاکھ لوگوں میں سے ہر ایک کو 1000 روپے فراہم کیے اور ان کے کھانے کا انتظام کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو قومی جمہوری اتحاد کے ساتھ مل کر دہلی میں الیکشن لڑے گی اور اس سلسلے میں بات چیت چل رہی ہے ۔کجریوال نے جب بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے معاملے پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو خط لکھا تو انہوں نے کہا کہ نتیش کمار طویل عرصے سے سماجی زندگی میں ہیں۔ وہ مرکز میں وزیر رہ چکے ہیں اور طویل عرصے سے بہار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہیں۔