نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ بھارت کی، سرمایہ کاروں کے لیے سازگار پالیسیوں کی وجہ سے، ملک کا خوراک کا شعبہ نئی اونچائیوں پر پہنچ رہا ہے۔ نئی دلی میں دوسری ’ورلڈ فوڈ انڈیا2023‘ کا افتتاح کرتے ہوئے جناب مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ بھارت کا، خوراک کا تنوع، عالمی سرمایہ کاروں کے لیے کافی منافع بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کے لیے خوراک کی یقینی فراہمی بنیادی چیلنجوں میں سے ہے، جس کا، اکیسویں صدی میں دنیا سامنا کررہی ہے۔ انہوں نے خاص طورپر کہا کہ یہ اسٹارٹ اپس کے لیے ایک سنہرا موقع ہے اور خوراک کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں اور بھارت نے، خوراک کی ڈبہ بندی کی صنعت کے ہر شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے۔ جناب مودی نے یہ بھی کہا کہ ڈبہ بند خوراک کی مانگ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور اِس سے کسانوں، اسٹارٹ اپس اور چھوٹے کارباریوں کے لیے موقع تشکیل پارہے ہیں۔
اے آئی آر کی خبر کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں خواتین میں قدرتی طور پر یہ صلاحیت پائی جاتی ہے کہ وہ خوراک کی ڈبہ بندی میں پیش پیش رہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی خاتون کاروباریوں اور اپنی مدد آپ گروپوں کو ہر سطح پر ترقی دی جارہی ہے تاکہ اِس شعبے میں خواتین کو ہر سطح پر مدد مل سکے۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک کا مستحکم خوراک کلچر میں ہزاروں برس سے ارتقا کا عمل جاری رہا ہے اور بھارت میں آبا و اجداد نے اپنے کھانے پینے کی عادتیں آیوروید سے وابستہ رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا، بھارت کے خوراک سے متعلق علم کی دولت سے فائدہ اٹھائے گی۔
انہوں نے خاص طور پر کہا کہ اِس سال، موٹے اناج کا بین الاقوامی سال منایا جارہا ہے۔ بھارت نے موٹے اناج کوشری انا کے طور پر فروغ دیا ہے۔وزیر اعظم نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ خوراک کے ضائع ہونے سے نمٹنا، مستحکم طرز زندگی کے مقصد کو حاصل کرنے میں ایک اہم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعات کو اِس طرح ڈیزائن کرنا چاہئے کہ کھانے پینے کی چیزیں کم سے کم ضائع ہوں۔وزیر اعظم نے اِس موقع پر ایک لاکھ سے زیادہ اپنی مدد آپ گروپوں کے ارکان کو بیجوں سے متعلق اثاثے کے طور پر امدادی رقم بھی تقسیم کی۔ اِس مدد سے اپنی مدد آپ گروپوں کو خوراک کی ڈبہ بندی اور کوالٹی مصنوعات سازی کو بہتر بنانے اور مارکیٹ میں بہتر قیمت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔وزیر اعظم نے ورلڈ فوڈ انڈیا 2023 کے حصے کے طور پر فوڈ اسٹریٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس میں علاقائی انداز کے کھانے اور شاہی انداز کے وراثتی کھانے پیش کئے گئے ہیں، جس میں 200 سے زیادہ شیف شرکت کررہے ہیں اور بھارت کے روایتی کھانے پیش کررہے ہیں۔