نئی دہلی: جون کا پہلا ہفتہ گزرنے کے ساتھ ہی لوگ مانسون کی بارشوں کے انتظار میں ہیں۔ تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی کیرالہ آمد میں ابھی وقت باقی ہے۔ اس دوران ملک کی کچھ ریاستوں میں گرمی کی لہر کے حالات نظر آ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں اگلے 5 دنوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کا اضافہ دیکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وسطی ہندوستان کے علاقوں میں 2 سے 3 ڈگری کا اضافہ درج کیا جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق بہار میں آج یعنی 7 جون سے 10 جون کے درمیان شدید گرمی کی لہر دیکھی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ آج مغربی بنگال، مشرقی جھارکھنڈ، آندھرا پردیش، تلنگانہ میں بھی گرمی کی لہر کے حالات برقرار رہ سکتے ہیں۔ مشرقی اتر پردیش کے کچھ حصوں میں بھی گرمی کی لہر کے حالات برقرار رہ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج نئی دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری رہ سکتا ہے۔ جبکہ مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ 8 جون کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں آج کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب لکھنؤ میں آج مطلع صاف رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق آنے والے دنوں میں لکھنؤ کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ غازی آباد کی بات کریں تو آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ مطلع یہاں بھی صاف رہنے کی توقع ہے۔موسم کی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ کے مطابق لکشدیپ، کیرالہ، ساحلی اور جنوبی اندرونی کرناٹک، انڈمان اور نکوبار جزائر اور تمل ناڈو میں آج ایک یا دو مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ مغربی ہمالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، سکم اور ساحلی کرناٹک میں بھی ایک یا دو مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ راجستھان کے کچھ حصوں میں بارش اور دھول بھری آندھی آ سکتی ہے۔