راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ نے آج اپنے 14 دن مکمل کر لیے۔ اب یہ یاترا اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے۔ اس درمیان کانگریس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ووٹر ادھیکار یاترا کی کامیابی اور اس کے پس پشت پیدا مقاصد کے بارے میں کچھ وضاحت پیش کی ہے۔ ’ایکس‘ پر کی گئی اس پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’ووٹر ادھیکار یاترا۔ ایک یاترا، جس نے تاریخ رقم کر دی، بہار کو اپنے حقوق کے لیے لڑنے کی طاقت دی۔ ایک یاترا، جو بہار کے لوگوں کی ہمت بنی اور یقین دلایا کہ ان کا ووٹ کوئی نہیں چھین سکتا۔ لیکن سوال ہے کہ آخر ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کی ضرورت کیوں پڑی؟
اس سوال کو قائم کرنے کے بعد کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بابا صاحب کے آئین نے ملک کے ہر شہری کو جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت دی ہے۔ ووٹ دینے کی طاقت، اپنی حکومت منتخب کرنے کی طاقت۔ وہ حکومت جو عوام کی بھلائی کے لیے کام کرے۔ تعلیم، صحت، تحفظ، سڑک، روزگار جیسی سہولیات کا انتظام کرے۔ لیکن کیا ہو اگر عوام سے ان کا ووٹ ہی چرا لیا جائے، ان سے ووٹنگ کا حق چھین لیا جائے۔ بی جے پی نے یہی کیا، ’ووٹ چوری‘۔ جمہوریت کا قتل کیا گیا، مینڈیٹ کا مذاق بنایا گیا۔ لوک سبھا کے ساتھ ہی مہاراشٹر، ہریانہ، مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں ’ووٹ چوری‘‘ کو انجام دیا گیا۔‘‘ اس پوسٹ میں آگے لکھا گیا ہے کہ ’’کہیں لاکھوں فرضی ووٹر پیدا کیے گئے تو کہیں غریبوں، دلتوں، پسماندوں اور اقلیتوں کے ووٹ کاٹ دیے گئے۔ ’ووٹ چوری‘ کے اس شرمناک کھیل میں الیکشن کمیشن نے نریندر مودی اور بی جے پی کا پورا ساتھ نبھایا۔
الیکشن کمیشن کے رویہ پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ ’’ہم نے الیکشن کمشن سے الیکٹرانک ووٹر لسٹ کا مطالبہ کیا، پولنگ بوتھ کی ویڈیوز مانگی، لیکن چوری چھپانے کے لیے اصول ہی بدل دیے گئے۔ اب ووٹ چوروں کا اگلا نشانہ بہار تھا۔ بہار میں خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے نام پر فرضی واڑا کیا گیا۔ بے معنی اصول بنا کر عوام سے ووٹنگ کا حق چھینا گیا۔ ووٹنگ کے لیے آدھار کارڈ کو ماننے سے انکار کر دیا۔ 65 لاکھ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیے گئے۔‘‘ الیکشن کمیشن کے اس قدم کے خلاف شروع کی اپنی تحریک کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ’’ہم نے سڑک سے پارلیمنٹ تک اس کے خلاف آواز اٹھائی، لیکن کوئی سماعت نہیں ہوئی۔ لیکن اس کے بعد جو ہوا، اس نے ووٹ چوروں کی نیند اڑا دی۔ حقوق کی سب سے بڑی تحریک، ایک عوامی تحریک، یعنی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ شروع ہوئی۔