جے پور: راجستھان سمیت ملک کی پانچ ریاستوں میں انتخابات کے اعلان کے بعد انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ دریں اثنا، تجربہ کار بی جے پی رہنما اور سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے سندھیا نے سیاست کو خیرباد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ خیال رہے کہ وسندھرا راجے کے حامی بی جے پی پر زور دے رہے ہیں کہ انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا چہرہ قرار دیا جائے، تاہم پارٹی نے ایسا نہیں کیا ہے۔
ان کے بیٹے دشینت سنگھ نے جھالاواڑ میں انتخابی مہم سے خطاب کیا۔ وسندھرا اس سے اتنی پرجوش ہوئیں کہ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران اہم اشارہ دیا۔ راجے نے کہا، ’’اپنے بیٹے کی بات سن کر، مجھے لگتا ہے کہ مجھے اب ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔ آپ سب نے اس کی اتنی اچھی تربیت کی ہے کہ مجھے اسے مزید آ گے بڑھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمام ارکان اسمبلی یہاں موجود ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ان پر نظر رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ وہ اپنے طور پر عوام کے لیے کام کریں گے۔
وسندھرا راجے کے بیٹے دشینت سنگھ جھالاواڑ باراں لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ پانچ بار ایم پی اور چار بار ایم ایل اے رہنے والی وسندھرا کو چیف منسٹر کا چہرہ قرار دینے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ تاہم بی جے پی نے ایسا نہیں کیا جس کے بعد ان کے کردار پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔