بھاگلپور :بہار کے بھاگلپور میں ایک سنسنی خیز واقعہ میں مرکزی وزیر نتیا نند رائے کے کے دو بھانجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجہ میں ایک بھانجہ کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق پانی کو لے کر ہوئے تنازعہ میں دونوں بھائیوں کی طرف سے گولی چلائی گئی جس میں ایک بھائی جگجیت کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ وہیں دوسرے بھائی اور ان کی ماں کے بھی گولی لگنے سے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق، دونوں طرف سے کی گئی فائرنگ کے بعد تینوں زخمیوں کو بھاگلپور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں لے جایا گیا، جہاں وشوجیت نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ جبکہ جئے جیت کی حالت بھی سنگین بتائی جا رہی ہے۔ ان دونوں کی ماں کے ہاتھ میں گولی لگی ہے۔
اطلاع کے مطابق جمعرات کی اہل صبح سپلائی والے نل پر پانی بھرنے کو لے کر دونوں بھائیوں میں تنازعہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں طرف سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ اس دوران تقریباً چار سے پانچ راؤنڈ گولی چلنے کی بات بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جمعرات کی صبح سپلائی والے نل سے وشوجیت پانی بھر رہا تھا جس کی جئے جیت نے مخالفت کی۔ اس نے کہا کہ نل ہمارا ہے، ہم پانی نہیں بھرنے دیں گے۔ اسی بات پر دونوں بھائیوں میں تو تو میں میں کے بعد لڑائی شروع ہو گئی اور تنازعہ کے درمیان وشوجیت یادو نے جئے جیت یادو کو گولی مار دی۔ گولی لگنے سے بوکھلائے جئے جیت یادو نے وشوجیت کا اسلحہ چھین کر اس پر بھی فائرنگ کر دی۔
واقعہ کے بعد دونوں کو آناً فاناً میں بھاگلپور میں ڈاکٹر این کے یادو کے نرسنگ ہوم میں بھرتی کرایا گیا جہاں وشوجیت یادو عرف وکل کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ وہیں جئے جیت یادو کا علاج جاری ہے۔ واقعہ کے بعد سینئر پولیس افسر بھی بھاگلپور جا کر زخمیوں سے پوچھ تاچھ کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں بھائیوں کے درمیان کئی برسوں سے تنازعہ چل رہا تھا۔