نئی دہلی: ہندوستانی حکومت نے اسرائیل میں پھنسے بھارتیوں کو بچانے کے لیے آپریشن اجے شروع کر دیا ہے۔ اسرائیل کے تل ابیب ہوائی اڈے سے 212 ہندوستانیوں کو لے کر پہلی چارٹر پرواز آج علی الصبح دہلی ہوائی اڈے پر پہنچی۔ مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر نے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لوگوں کا خیرمقدم کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ گزشتہ جمعرات کو ایک خصوصی طیارہ 212 ہندوستانیوں کو لے کر تل ابیب ہوائی اڈے سے روانہ ہوا تھا جو آج صبح دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر پہنچا تھا۔آپریشن اجے کے تحت اسرائیل سے ہندوستان لائے گئے ایک ہندوستانی شہری نے بتایا کہ ‘اسرائیل میں جنگ شروع ہونے کے بعد ہمیں ہندوستان سے ہمارے اہل خانہ اور دوستوں کے فون آنے لگے، ہر کوئی ہمارے بارے میں پریشان تھا۔
ایک بیان جاری کرتے ہوئے، وزارت خارجہ نے کہا کہ ہماری ترجیح صرف ان ہندوستانیوں کو بحفاظت واپس لانا ہے جو واپس آنا چاہتے ہیں۔ چونکہ لوگوں کی واپسی کی درخواستیں موصول ہوتی رہتی ہیں، اس کے مطابق پروازوں کا شیڈول بنایا جائے گا۔ تاہم اس وقت چارٹر طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ لیکن تمام آپشن کھلے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر بھارتی فضائیہ کی مدد کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ آپ کو بتا دیں کہ اسرائیل میں 18 ہزار ہندوستانی موجود ہیں۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ خصوصی چارٹ فلائٹس اور دیگر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ جمعرات کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی آپریشن اجے کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ہندوستانی سفارت خانے میں خود کو رجسٹر کریں اور ایڈوائزری پر توجہ دیں۔