ریاض ( ایجنسیز )سعودی عرب کے شہر دمام کے ایئرپورٹ پر حملے میں ہندوستانی شہری سمیت دو افراد ہلاک جبکہ دو دیگر ہندوستانی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ہندوستانی سفارت خانے کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل ہے جبکہ دو دیگر ہندوستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔سفارت خانے نے کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔بیان میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔دستیاب معلومات میں حملے کی مکمل نوعیت، ذمہ داری قبول کرنے والے فریق اور متاثرین کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب سعودی سیول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ کنگ فہد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کو بحال کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور فضائی ٹریفک بحال ہو گئی ہے۔عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو سوشل میڈیا کے ذریعہ جاری ہونے والے بیان میں چہارشنبہ کی شام کو ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے دو افراد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے ایک سعودی اور ایک ہندوستانی شہری شامل ہیں۔ حملے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک سعودی شہری کے علاہ انڈیا، یمن اور بنگلہ دیش کے دو، دو اور نیپال کا ایک باشندہ شامل ہے۔سیول ایشن کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سب معمولی نوعیت کے زخمی ہیں اور ان کو مختلف ہسپتالوں میں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل سعودی وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری ہونے والے میں بتایا گیا کہ مشرقی صوبے میں تیل کی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنائی اور ڈرون کو تباہ کیا گیا تاہم اس کا ملبہ گرنے سے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت آئل فیلڈ کے باہر ایک کنٹریکٹر کی گاڑی میں آگ بھی لگی تاہم تیل کی تنصیب کے آپریشنز متاثر نہیں ہوئے۔اسی طرح یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کیلئے قائم اتحاد نے جمعرات کی صبح بتایا کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں چار ڈرون مار گرائے گئے۔

















