کوہما :منی پور سے شروع ہوئی ’بھارت جوڑو نیائےیاترا‘ کل ناگالینڈ پہنچنے پر زبردست استقبال کیا گیا ۔محض تین دن میں عوام سے جو رد عمل ملا ہے، وہ کانگریس کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ اس یاترا کی تصویریں اور ویڈیوز کانگریس اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لگاتار پوسٹ کر رہی ہے۔ ان پوسٹ سے بھی یاترا کے تئیں لوگوں کا جوش و خروش عیاں ہو رہا ہے۔ ناگالینڈ میں راہل گاندھی ایک فٹ بال میچ دیکھنے بھی پہنچے جس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے ’’یہ گول ہے… ناانصافی پر انصاف کا۔
کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کی ایک ایسی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں شام کا وقت ہے اور راہل گاندھی کو سننے کے لیے ہزاروں افراد کی بھیڑ جمع ہوئی ہے۔ اس تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’سیاہ تاریکی میں انصاف کی روشنی۔‘‘ ایک دیگر پوسٹ میں ناگالینڈ کی عوام کو راہل گاندھی کی یاترا کا استقبال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’صرف 3 دنوں میں بھارت جوڑو نیائے یاترا نے زبردست رفتار حاصل کر لی ہے۔ یہ یاترا انصاف کا پیغام دیتے ہوئے ملک کو متحد کر رہی ہے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں لکھا گیا ہے ’’نیائے کا حق، ملنے تک۔