نئی دہلی : ایک طرف کانگریس نے ’پران پرتشٹھا‘ سے ٹھیک پہلے ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ شروع کر دی ہےتو دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی پارٹی ٹی ایم سی نے ’پران پرتشٹھا‘ والے دن ہی ریاست میں عظیم الشان ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔ خود ممتا بنرجی نے اس سلسلے میں جانکاری دی۔ بنرجی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’میں 22 جنوری کو کولکاتا میں ایک ریلی نکالوں گی۔ یہ کالی مندر سے شروع ہوگی۔ یہاں میں ماں کالی کی پوجا کروں گی۔ اس کے بعد ہم ہزارا سے پارک سرکس میدان تک ’بین مذہبی ریلی‘ نکالیں گے۔ اس دوران ہم راستے میں آنے والے مندر، مسجد، چرچ اور گرودوارے کا احاطہ کریں گے۔ سبھی لوگ اس ریلی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اسی دن میری پارٹی کے اراکین ہر ضلع کے ہر بلاک میں دوپہر 3 بجے ریلی نکالیں گے۔‘
بی جے پی رکن پارلیمنٹ دلیپ گھوش نے ممتا بنرجی کی ریلی پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ 22 جنوری کو لے کر ممتا بنرجی کے منصوبہ کو جان کر دلیپ گھوش نے الزام عائد کر دیا کہ وہ الگ پارلیمنٹ چاہتی ہیں، وہ بنگال کو الگ کرنا چاہتی ہیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت جو کرتا ہے، انھیں صرف اس کی مخالفت کرنی ہے۔ جو رام کی مخالفت کرے گا، عوام اس کے بارے میں طے کرے گی۔