سپریم کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) چیف سنجے مشرا کی مدت کار میں توسیع معاملہ پر آج مرکزی حکومت کو شدید جھٹکا دیا۔ عدالت عظمیٰ نے ای ڈی ڈائریکٹر سنجے مشرا کی مدت کار میں تخفیف کر دی ہے۔ اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ سنجے مشرا کی مدت کار 31 جولائی تک ہی رہے گی اور مرکزی حکومت 15 دن میں ای ڈی کے نئے ڈائریکٹر کی تقرری کر سکتی ہے۔
دراصل مرکزی حکومت نے لگاتار تیسری بار سنجے مشرا کی مدت کار کو بڑھا دیا تھا۔ حکومت کی تقرری کے مطابق سنجے مشرا 18 نومبر کو سبکدوش ہوتے، لیکن اب عدالتی فیصلہ کے بعد وہ اس عہدہ پر 31 جولائی تک ہی رہ پائیں گے۔ حکومت کی طرف سے ای ڈی ڈائریکٹر کی مدت کار کو بڑھائے جانے پر کہا کہ قانون بنانے کی طاقت حکومت کے پاس ہے، لیکن یہ توسیع ناجائز اور موجودہ ڈائریکٹر 31 جولائی تک ہی ای ڈی میں رہیں گے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے سنجے مشرا کو پہلی مرتبہ 18 نومبر 2018 کو ای ڈی کا ڈائریکٹر بنایا تھا۔ اس کے بعد حکومت نے درمیان میں ایک-ایک سال کے لیے ان کی مدت کار میں مزید توسیع کر دی تھی۔ مشرا کی لگاتار تیسری بار تقرری کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت مین عرضی داخل کی گئی تھی جس پر سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 12 دسمبر کو حکومت سے جواب مانگا تھا۔ اس کے بعد عدالت نے معاملے پر سماعت کرتے ہوئے 8 مئی کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔