مواشنگٹن : منی پور میں دو براد ریوں کے درمیان۳؍ مئی کو شروع ہونے والا تشدد اب ایک مکمل بحران کی شکل اختیار کرچکا ہے جس پر امریکہ کا بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔ ریاست میں دو خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے معاملے میں امریکہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ امریکہ نے اس معاملے کو خوفناک اور چونکا دینے والا قرار دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا – ہم دو خواتین سے متعلق ویڈیو دیکھ کرششدر ہیں۔ہم اس واقعے کے متاثرین کے تئیں اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے حکومت ہند کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
ویدانت پٹیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ’’ ہندوستان کے وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ خواتین کے ساتھ اس طرح کا سلوک کسی بھی مہذب معاشرے میں شرمناک ہے۔ ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ ہم منی پور کے مسئلے کے پُرامن حل کے حق میں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہر کمیونٹی کے لوگوں اور ان کی املاک کا تحفظ کیا جائے گا۔‘‘
ہندوستان میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے بھی کہاہے کہ اگر ہندوستان(معاملے کی تحقیقات میں) مدد مانگے تو ہم تیار ہیں۔اس سے قبل ایرک گارسیٹی نے کہا تھا کہ یہ ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ وہ جہاں بھی اس طرح کے پرتشدد واقعات دیکھتے ہیں تو انہیں دکھ پہنچتا ہے۔اس سے قبل۶؍جولائی کو بھی امریکہ نے منی پور میں تشدد پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ایرک گارسیٹی نے اب پھر کہا ہے کہ اگر ہندوستان کو تعاون کی ضرورت ہے تو ہم تیار ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے، ہم جلد سے جلد امن کی امید رکھتے ہیں۔ ہم منی پور کے حالات کے بارے میں حکمت عملی کے لحاظ سے فکر مند نہیں ہیں، ہمیں صرف لوگوں کی فکر ہے۔
منی پور بحران کا معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا جا چکا ہے۔برطانیہ میں مذہبی آزادی سے متعلق معاملات کی خصوصی سفیر اوررکن پارلیمنٹ فیونا بروس نے بی بی سی پر منی پور تشدد کی صحیح رپورٹنگ نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ بروس نے برطانیہ کے ایوان زیریں میں سوال اٹھایا تھا کہ منی پور میں مئی سے لے کر اب تک کئی سو گرجا گھر جلائے جا چکے ہیں، سو سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔۵۰؍ہزار سے زائد لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔ نہ صرف گرجا گھروں کو بلکہ ان سے منسلک اسکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
فیونا بروس نے الزام لگایا تھا کہ یہ سب منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے اور ان حملوں میں مذہب ایک بڑا عنصر ہے۔۴؍مئی کوتھوبل ضلع میں دو خواتین کی برہنہ پریڈ کرانے کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ اس کا ویڈیو۱۹؍ جولائی کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا ۔