نئی دہلی: آج یہاں وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا کے زیر صدارت جی-20 کوآرڈینیشن کمیٹی کی 9ویں میٹنگ ہوئی۔ پرنسپل سکریٹری نے نئی دہلی میں جی-20 کے لیڈروں کے اجلاس کے لئے لاجسٹک، پروٹوکول، سکیورٹی اور میڈیا سے متعلق انتظامات سمیت مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں جی-20 سیکریٹریٹ اور خارجہ، داخلہ، ثقافت، اطلاعات و نشریات کی وزارتوں اور ٹیلی کام کے محکمے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اس بات کو نوٹ کیا گیا کہ ہندوستان منڈپم میں بنیادی طور پر اور سائٹ پر کام اطمینان بخش طور پر جاری ہے۔ ہندوستان کے ایک منفرد تجربے کے لیے، ہندوستان منڈپم میں ثقافت اور ‘مدر آف ڈیموکریسی’ پر نمائشوں کا اہتمام کیا جار ہا ہے۔ پرنسپل سکریٹری نے منڈپم میں نٹراج کے مجسمہ کی تنصیب اور مہمانوں کے لئے خاص طور پر تیار کردہ قائدین کی بیویوں/شوہروں کے لئے پروگرام کا بھی جائزہ لیا۔
پہلی بار، جی-20 کے لیے ایک موبائل ایپ بنائی گئی ہے، جس کا نام ‘جی-20 انڈیا’ ہے، جو اینڈرائڈ اور آئی او ایس، دونوں پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے۔ جی- 20 کے مندوبین اور میڈیا کے ارکان بھی ڈیجیٹل انڈیا کو ‘انوویشن ہب’ اور ‘ڈیجیٹل انڈیا ایکسپیریئنشل ہب’ کے ذریعے مشاہدہ کریں گے، جو ہندوستان منڈپم میں قائم کیے جا رہے ہیں۔
لاجسٹکس کے شعبے میں، مشقیں کی جارہی ہیں اور آنے والے دنوں میں ڈریس ریہرسل کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری کو متعلقہ افسران نے سکیورٹی کے پہلوؤں پر بھی تفصیلات فراہم کیں ۔ عوام کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ پرنسپل سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ سکیورٹی اور پروٹوکول کی وجوہات پر کچھ پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں لیکن کوشش کی جانی چاہئے کہ عوام کو کم سے کم پریشانی کا سامنا ہو۔ انہوں نے ہدایت دی کہ شہر میں ضروری خدمات متاثر نہ ہوں۔ مزید برآں، ٹریفک پابندیوں سے متعلق مواصلات کو زیادہ صارف دوست بنایا جائے۔