نئی دہلی : لکھنؤ کے ایکنا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لو اسکورنگ میچ میں ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے کر موجودہ ورلڈ کپ میں فتح کا ‘سکس لگایا۔ روہت شرما اینڈ کمپنی مسلسل 6 جیت کے ساتھ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں تقریباً پہنچ گئی ہے۔ میزبان ہندوستان نے اب تک کھیلے گئے سبھی چھ میچ جیت کر مخالف ٹیموں کو وارننگ دے دی ہے۔ ٹیم انڈیا کے علاوہ اس ٹورنامنٹ میں باقی 9 ٹیمیں اپنے کم از کم ایک میچ ہار چکی ہیں۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر قبضہ جما لیا ہے۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو نمبر ایک سے پیچھے دھکیل کر ٹاپ پر واپسی کی ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے 6 میچوں میں 12 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ جبکہ جنوبی افریقہ 6 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان کی جانب سے دیے گئے 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جوس بٹلر کی کپتانی والی ٹیم 34.5 اوورز میں 129 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام لیونگسٹن نے 27 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ملان 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جو روٹ اور بین اسٹوکس کھاتہ بھی نہیں کھول سکے ۔ کپتان بٹلر 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ہندوستان کی جانب سے تیز گیند باز محمدسمیع نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جسپریت بمراہ نے 3 اور کلدیپ یادو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ٹیم انڈیا کا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں یہ سب سے چھوٹا اسکور ہے۔ اس سے قبل 1999 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے 8 وکٹوں پر 232 رنز بنائے تھے جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں اس کا سب سے کم اسکور تھا۔
اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے کپتان روہت شرما کے 87 رنز اور سوریہ کمار یادو کے 49 رنز کی مدد سے 9 وکٹوں پر 229 رنز بنائے۔ ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹیم انڈیا نے 40 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنی 3 اہم وکٹیں گنوا دیں۔ کرس ووکس نے اننگز کے چوتھے اوور کی آخری گیند پر شبھمن گل کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ گل 13 گیندوں پر 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کوہلی کچھ خاص نہیں کر سکے اور ولی نے انہیں بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ کروا کر پویلین بھیج دیا۔ 9 گیندیں کھیلنے کے باوجود کوہلی کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔شریس ایئر 4 رنز کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد روہت کو کے ایل راہل کا سہارا ملا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لئے 91 رنز کی شراکت داری کرکے اسکور کو 131 رنز تک پہنچایا۔ راہل 58 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رویندر جڈیجہ بھی 8 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ سمیع ایک رن بناکر واک آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمار یادو نے 47 گیندوں پر 49 رنز بنائے جبکہ جسپریت بمراہ 25 گیندوں پر 16 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے ولی نے 3 جبکہ کرس ووکس اور عادل رشید نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔