راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت اگلے ماہ جولائی میں پانچ دنوں کے لیے اتر پردیش کے دورے پر جائیں گے۔ بھاگوت یکم سے 5 جولائی تک یوپی کے دورے پر رہیں گے۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق سنگھ کے سربراہ لکھنؤ میں ہی رہیں گے اور وہ سنگھ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ خبروں کے مطابق وہ اتر پردیش میں اپنے دورے کے دوران ایودھیا بھی جا سکتے ہیں۔
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت مشرقی یوپی کی سنگھ کی ایگزیکٹو میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ بھاگوت مشرقی یوپی کے صوبوں میں ہونے والی میٹنگوں میں رضاکاروں کو منتر دیں گے۔ سماجی اور سیاسی صورتحال کو سمجھنے کے لیے سنگھ سربراہ پانچ دن یوپی میں رہیں گے۔ 2024 کے انتخابی سال سے پہلے ان کے یوپی کے دورہ کو اہم بتایا جا رہا ہے۔ واضح رہے یوپی میں سب سے زیادہ 80 لوک سبھا سیٹیں ہیں جس کی وجہ سے اتر پردیش بہت اہم ریاست ہے۔
موہن بھاگوت اپنے یوپی دورے کے دوران بی جے پی کے سینئر رہنماؤں سے مل سکتے ہیں۔ سنگھ کی مشرقی یوپی (اودھ، کاشی، کانپور، بندیل کھنڈ، گورکھپور) کی میٹنگ لکھنؤ میں ہو رہی ہے۔ اس میٹنگ میں سنگھ کے مشرقی اتر پردیش کے عہدیداران شرکت کر رہے ہیں۔ سنگھ دلت اور خانہ بدوش ذاتوں میں فعالیت بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
واضح رہے اجلاس کے دوران کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔ سنگھ کے دتاتریہ ہوسبولے بھی مشرقی علاقہ کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ اس سے پہلے موہن بھاگوت اس سال فروری میں یوپی آئے تھے۔ وہ آر ایس ایس کے ’پریوار ملن‘ پروگرام میں شرکت کے لیے بریلی پہنچے تھے۔ یہاں رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ سربراہ نے ہندوستانی خاندانی نظام کو بہترین قرار دیا تھا۔ انہوں نے سویم سیوک خاندانوں سے بھی دوستی کی چھ خوبیوں کو اپنانے کی اپیل کی تھی۔