نئی دہلی:محکمہ موسمیات نے اتر پردیش سمیت ملک کی کئی ریاستوں کے لیے شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ امکان ہے کہ درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری سیلسیس تک بڑھ سکتا ہے۔ جس سے لوگوں کو فی الحال گرمی سے راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ وہیں دوسری طرف شدید بارش کا سامنا کر رہے جموں کشمیر کو پیر کو بھی راحت ملنے کا امکان نہیں ہے اور اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔
آئی ایم ڈی نے اطلا دی ہے کہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران شمال مغربی ہند میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2 ڈگری سے 3 ڈگری سیلسیس تک بڑھے گا۔ وہیں وسطی ہند میں بھی منگل سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے آثار ہیں۔ مشرقی ہند میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 4 ڈگری سے 6 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ نے کئی ریاستوں میں لُو کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مدھیہ پردیش میں 22 سے 24 اپریل، راجستھان، ہریانہ میں 23 اور 24 اپریل، ودربھ میں 21 سے 23 اپریل تک لُو کی حالت بن سکتی ہے جبکہ تمل ناڈو، پڈوچیری، کرئیکل میں 22 اپریل تک موسم بے حد گرم اور اُمس بھرا رہ سکتا ہے۔ گجرات میں 22 سے 24 اپریل تک موسم اسی طرح رہے گا۔
جہاں ملک میں ایک طرف لوگ شدید گرمی سے پریشان ہیں وہیں دوسری طرف جموں و کشمیر میں موسم کا مزاج بالکل بدلا ہوا ہے۔ یہاں رام بن ضلع میں شدید بارش نے بتاہی مچا رکھی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ جموں و کشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان، مظفر آباد میں آج آندھی اور گرج کے ساتھ ہلکی یا درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے آثار ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ نے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ مشرقی ہند میں تین دنوں کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔چھتیس گڑھ میں 24 اپریل تک بارش کے آثار ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پانچ دنوں کے دوران شمال مشرقی علاقوں میں بارش کے آثار ہیں۔ ساتھ ہی آندھی، گرج اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔