خاندانی ذرائع کے مطابق سریش کلماڑی کا جسد خاکی دوپہر دو بجے تک پونے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا، جب کہ شام ساڑھے تین بجے ویکنٹھ شمشان بھومی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ ان کے انتقال پر کانگریس قیادت کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور سماجی تنظیموں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
کھیلوں کے میدان میں بھی سریش کلماڑی کی شناخت نمایاں رہی۔ ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے طویل عرصے تک کھیلوں کی انتظامیہ کی قیادت کی۔ دو ہزار دس میں دہلی میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز ان کے کیریئر کا ایک اہم مرحلہ ثابت ہوئے۔ اگرچہ ان کھیلوں سے جڑے تنازعات نے ان کی شبیہ کو متاثر کیا، تاہم بین الاقوامی سطح پر بڑے کھیلوں کے انعقاد اور ہندوستانی کھیلوں کو عالمی پہچان دلانے کی کوششوں میں ان کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

















