دہلی سی ایم ہاؤس میں پی ڈبلیو ڈی نے اپنا ’تالا‘ لگا دیا ہے۔ یعنی اب سی ایم ہاؤس میں ’ڈبل لاک‘ لگ گیا ہے۔ اس درمیان عام آدمی پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ رہائش سے لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعلیٰ آتشی کا سارا سامان باہر نکلوا دیا، پھر اس کے بعد اس گھر کو پی ڈبلیو ڈی نے لاک کر دیا۔قابل ذکر ہے کہ جس دن دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اس گھر کو خالی کیا تھا، مکان کی چابی سنیتا کیجریوال نے ایک ملازم کے حوالے کر دی تھی۔ اس کے بعد چابی پی ڈبلیو ڈی کے پاس پہنچنی چاہیے تھی، لیکن کہا جا رہا ہے کہ ایسا نہیں ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ محکمہ وجلنس نے نوٹس جاری کیا ہے۔
سی ایم ہاؤس پر تالا لگانے سے قبل جاری اپنے نوٹس میں پی ڈبلیو ڈی نے کہا کہ کیجریوال کے استعفیٰ اور بنگلہ کو خالی کرنے کے بعد اس بنگلہ کو پی ڈبلیو ڈی کے حوالے کیا جانا تھا۔ اس بنگلہ کی تعمیر میں کی گئی بے ضابطگیوں کی ابھی جانچ چل رہی ہے۔ بنگلہ کے اندر موجود چیزوں کی افسران کو لسٹ بنانی پڑ سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ بنگلہ کی چابی محکمہ کو ملے۔
اس معاملے میں وزیر اعلیٰ دفتر کی طرف سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعلیٰ کی رہائش کو خالی کرایا گیا ہے۔ بی جے پی کے اشارے پر ایل جی نے جبراً وزیر اعلیٰ آتشی کا سامان رہائش سے نکلوا دیا ہے۔ ایل جی کی طرف سے بی جے پی کے کسی بڑے لیڈر کو وزیر اعلیٰ رہائش الاٹ کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔ 27 سال سے دہلی میں ’وَنواس‘ کاٹ رہی بی جے پی اب وزیر اعلیٰ کے گھر پر قبضہ کرنا چاہ رہی ہے۔